۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مولانا مسرور عباس

حوزہ/ معراج کائنات کی عظیم الشان ہستی ،پیغبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلہ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فقید المثال معجزہ ہے جس رات کو اللہ تبارک وتعالیٰ نےاپنے محبوب و مقرب پیغمبر اکرم ﷺ کو اپنی قدرت کاملہ کا مشاہدہ کرایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرینگر جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے عید مبعث اور شب معراج کے مبارک موقع پر عالم بشریت کو بالعموم اور امت مسلمہ کو بالخصوص مبارکباد پیش کی ، مولانا مسرور انصاری نے کہا کہ روز مبعث توہم پرستی، ہوس اور جہالت میں ڈوبی ہوئی عقل کو بیدار کرنے کا دن ہے اور اس مبارک دن کی برکات سے انسانیت آج بھی زندہ وپائندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مبعث کا دن مظالم، جہالت، شرک، طاغوت اور برائیوں کے خاتمہ دن ہے اور یہ دن دین حق اور نظام الٰہی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نےمقدس اور مبارک موقع پر عالم اسلام کی کامیابی و کامرانی،امن وامان اور اتحاد و بھائی چارہ کے لئے دعا کی۔ مولانا نے کہا کہ معراج کائنات کی عظیم الشان ہستی ،پیغبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلہ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فقید المثال معجزہ ہے جس رات کو اللہ تبارک وتعالیٰ نےاپنے محبوب و مقرب پیغمبر اکرم ﷺ کو اپنی قدرت کاملہ کا مشاہدہ کرایا۔

مولانا نے کہا کہ معراج کے درس آموز واقع میں انسانیت کی بقا کے رازپوشیدہ ہیں اور یہ واقع تاریخ بشریت کا ایک ایسا عظیم واقعہ ہے جو تاروزقیامت کائنات کو معطر کرتا رہے گا۔مولانامسرور عباس انصاری نے شب معراج کے مقدس موقع پر بھی تاریخی جامع مسجد سرینگر کو مقفل رکھنے اور میرواعظ مولوی عمر فاروق کو مسلسل نظر بند رکھنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مداخلت فی الدین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کو اب مذہبی فرائض کی انجام دہی سے بھی روکا جارہا ہے اورطاقت و دھونس دباوکے بل پرمسلمانان کشمیر کے مذہبی حقوق سلب کئے جارہے ہیں جو انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

مولانا نے سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کے علاقائی وعالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں ہورہی زیادتیوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر فوری طور روک لگانے کے لئے اپنا فریضہ اداکریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .